کبیروالہ : پسند کی شادی پر بااثر افراد نے نوجوان اور اس کے دوست کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا، ڈنڈے اٹھائے افراد نے کتے کی طرح بھونکنے اور ناک رگڑنے پر مجبور کیا۔ پولیس نے تین ملزمان گرفتار کرلیے۔
تفصیلات کے مطابق کبیروالا میں انسانیت کا جنازہ نکل گیا، علاقے کے بااثر افراد نے پسند کی شادی کرنے والے نوجوان ثمر عباس اور اس کے دوست پر وحشیانہ تشدد کیا، نوجوان ثمر عباس نے تین ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی، جس کا انہیں شدید غصہ تھا۔
ڈنڈا بردار افراد نے پہلے لاتوں اور گھونسوں سے بہیمانہ تشدد کیا، بعد ازاں انہوں نے دونوں دوستوں کو کتے کی طرح بھونکنے پر مجبور کیا اور یہی نہیں زمین پر ناک بھی رگڑواتے رہے اور منہ پر مٹی بھی مسلوائی، نوجوانوں کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
بعد ازاں میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لے لیا، وزیر اعلٰی پنجاب کے نوٹس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان امیر،شہزاد اور جاوید کو گرفتار کرلیا ہے۔ مقدمہ میں نامزد مزید پانچ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔