کابل : افغانستان میں سکھوں کے گوردوارے پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں وہاں موجود 25افراد ہلاک ہوگئے، حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل کے علاقے شور بازار میں خودکش بمباروں نے ایک گوردوارے پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں25 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق حملہ صبح تقریباً پونے 8 بجے کیا گیا جس کی اطلاع ملتے ہی فورسز کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی۔ گورود وارے پر حملہ کرنے والے چاروں خود کش حملہ آور بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔
کابل گوردوارے پر حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی ہے۔افغان میڈیا کے مطابق گوردوارے کے منتظمین کا کہنا ہے کہ حملے کے وقت دھرم شالا میں تقریباً 150 افراد موجود تھے۔
افغان میڈیا کے مطابق حملے کے وقت علاقے میں دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں جب کہ فورسز نے حملے میں زخمی افراد کو ایمبولینسز کے ذریعے اسپتالوں میں منتقل کرنا شروع کیا۔