کندھ کوٹ: سندھ کے کچے کے ڈاکوؤں نے ایک ماہ قبل اغوا کیے گئے 3 مزدوروں کی ویڈیو شیئر کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کرم پور سے ایک ماہ قبل اغوا کیے گئے تین مزدوروں کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس میں ڈاکو مغوی مزدوروں پر تشدد کر رہے ہیں۔
ویڈیو میں مغویوں نے اپنے ورثا سے تاوان دے کر جلد رہا کرانے کی اپیل کی ہے، نجی تعمیراتی کمپنی کے تینوں مغوی مزدوروں کا تعلق سکھر سے ہے۔ پولیس حکام کے مطابق تینوں مغویوں کو ایک ماہ پہلے تھانہ کرمپور کی حدود سے اغوا کیا گیا تھا۔
ادھر کچے کے ڈاکوؤں نے ایک پرائیویٹ کمپنی کے سیلز آفیسر کو فیلڈ سے کمپنی کی گاڑی سمیت اغوا کر لیا ہے، مغوی کی شناخت کشمور کے رہائشی سراج احمد گولاٹو کے نام سے ہوئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کی جانب سے مغوی کے بھائی کو فون کر کے تاوان ادا کرنے کا کہا گیا ہے۔
کچے کے ڈاکوؤں نے کشمور سے نجی کمپنی کے سیلز آفیسر کو اغوا کر لیا
واضح رہے کہ آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے آج میڈیا کو بریفنگ میں کہا ہے کہ کچے کے ڈاکوؤں کو نیست و نابود کیا جائے گا، حکومت بھرپور ساتھ دے رہی ہے جلد ڈاکوؤں سے نجات مل جائے گی۔