جنوبی افریقا کے مایہ ناز فاسٹ بولر کاگیسو ربادا اچانک آئی پی ایل چھوڑ کر گھر روانہ ہوگئے۔
کاگیسو ربادا آئی پی ایل میں گجرات ٹائٹنز کی نمائندگی کررہے ہیں وہ دو میچز کھیلنے کے بعد اچانک جنوبی افریقا روانہ ہوگئے، وہ رائل چیلنجزز بنگلور کے خلاف تیسرا میچ نہیں کھیلیں گے۔
ربادا سے متعلق کہا جارہا ہے کہ وہ نجی مصروفیات کی وجہ سے جنوبی افریقا روانہ ہوئے ہیں تاہم ان کی واپسی سے متعلق کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے۔
ربادا کی جگہ ویرات کوہلی کو آؤٹ کرنے والے فاسٹ بولر ارشد خان کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔
ربادا نے گجرات ٹائٹنز کی جانب سے پنجاب کنگز اور ممبئی انڈینز کے خلاف میچز کھیلے اور دونوں میچ میں ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ رباڈا نے 2017 میں آئی پی ایل ڈیبیو کیا اور 82 میچز میں 119 وکٹیں حاصل کیں، وہ دہلی کیپیٹلز اور پنجاب کنگز کے لیے کھیل چکے ہیں۔
جنوبی افریقی فاسٹ بولر رباڈا کو گجرات ٹائٹنز نے آئی پی ایل 2025 کی میگا نیلامی میں 10 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا تھا۔
واضح رہے کہ آئی پی ایل کے پوائنٹس ٹیبل پر دو میچ جیت کر گجرات ٹائٹنز کی ٹیم چوتھی پوزیشن پر موجود ہے۔