آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقی فاسٹ بولر کاگیسو ربادا کی زدران کو آؤٹ کرکے جملے کسنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا کی جانب سے دیے گئے 316 رنز کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 48.3 اوورز میں 208 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
رحمت شاہ کے 90 رنز کی اننگز کے علاوہ کوئی بھی بیٹر خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔
رحمان اللہ گرباز 10، ابراہیم زدران 17، کپتان حمشت اللہ شاہدی صفر اور محمد نبی 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، راشد خان 18 رنز بنا کر مہاراج کا نشانہ بنے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ربادا نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ویان ملڈر اور لنگی نگیدی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
تاہم 10ویں اوور میں ابراہیم زدران نے کاگیسو ربادا کو لانگ آن پر چھکا مارا اس کے بعد ربادا نے انہیں کلین بولڈ کردیا اور جب وہ جانے لگے تو انہیں جملے بھی کسے۔
تاہم ابراہیم زدران نے کچھ نہیں بولا اور خاموشی سے پویلین کی جانب روانہ ہوگئے۔
زدران کے آؤٹ ہوتے ہی افغانستان کی وکٹیں گرتی رہیں اور بڑے ہدف کے تعاقب کی امیدیں دم توڑ گئیں۔