منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

عدالت کا مردم شماری فارم میں کالاش مذہب کا خانہ شامل کرنے کا حکم

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے مردم شماری کے فارم میں کالاش برادری کے مذہب کا خانہ شامل کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع چترال میں آباد کالاش برادری کے مذہب کا خانہ مردم شماری کے فارم میں شامل کیا جائے۔

پشاور ہائی کورٹ کے دو رکنی بنچ نے کالاش برادری کے ارکان یوک رحمت اور وزیر دارہ کی درخواست پر سماعت کے بعد محکمہ شماریات کو حکم جاری کیا کہ چترال کے ان علاقوں میں ابھی مردم شماری نہیں ہوئی اس لیے یہاں مردم شماری کے آغاز سے قبل ہی فارم میں کالاش مذہب کو شامل کرنے کو یقینی بنایا جائے۔

مزید پڑھیں: مردم شماری کے بلاک 2 میں خانہ شماری کا مرحلہ مکمل

یاد رہے کہ کالاش برادری نے مردم شماری کے فارم میں اپنے مذہب کا نام شامل نہ کرنے پر پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

درخواست گزاروں کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے فارم میں پاکستان میں موجود تمام بڑی اقلیتوں کو شامل کیا گیا لیکن کالاش مذہب کو شامل نہیں کیا گیا، حالانکہ اس مذہب کے پیروکار طویل عرصے سے یہاں پر مقیم ہیں۔

عدالت کے حکم کے بعد حکومت کی جانب سے پیروی کرنے والے ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو یقین دلایا کہ مردم شماری کے فارم میں کالاش مذہب کے نام کا خانہ شامل کیا جائے گا۔

درخواست گزاروں کے وکیل کے مطابق کالاش برادری چترال میں آباد ہے جہاں مردم شماری کا آغاز 25 اپریل سے شروع ہونے والے دوسرے مرحلے میں ہوگا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں