سابق بلے باز و وکٹ کیپر کامران اکمل نے ورلڈ کپ 2023 میں افغانستان سے بدترین شکست پر قومی کرکٹ ٹیم کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور اندر کی باتیں سامنے لے آئے۔
اے آر وائی نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ کچھ ماہ قبل ’سوچنا بھی منع ہے‘ ٹریڈ چلا تھا، لیکن جب اظہر علی کپتان تھے اور انہیں ہٹایا گیا تو کیا کسی نے ایسی ٹوئٹ کی؟
کامران اکمل نے کہا کہ یہ پسندگی اور ناپسندگی ظاہر کرتی ہے، اپنے بندوں کے ساتھ ٹیم بنائی ہے، جب تک پاکستان کیلیے ٹیم نہیں بنائیں گے تو آپ کو عزت نہیں ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے توقع تھی کہ ٹیم ایسی ہی پرفارمنس دکھائے گی، جب نیتیں ٹھیک نہ ہوں تو پھر نتائج ایسے ہی ہوتے ہیں، جب آپ کسی کا راستہ روکیں گے تو پھر نتائج ایسے ہی ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ نے پاکستان کی ٹیم سمجھ کر نہیں کھیلا بلکہ اپنے گھر کی ٹیم سمجھ کر چلائی ہے، یہ ہمارے اور پورے پاکستان کیلیے شرمناک شکست ہے، صرف یہ میچ نہیں بلکہ ہماری ٹیم ایسی ٹیموں سے ہارنے کی عادی ہو چکی ہے۔
سابق بل باز نے کہا کہ ہن نے افغانستان سے پچھلے ٹی ٹوئنٹی میچز بھی بہت مشکل سے جیتے ہیں، یہ ٹیم پاکستان مین رہ کر گئی، ہم سے سیکھا اور آج اس کا معیار اوپر چلا گیا۔
کامران اکمل نے کہا کہ ہمیں جیسی کرکٹ کھیلنی چاہیے تھی ویسی نہیں کھیلنی، ہمارے بلے بازوں کے دماغوں میں تھا کہ ہم 240 یا 250 رنز کریں تو میچ جیت جائیں گے لیکن یہ نہیں سوچ رہے تھے کہ ہماری بولنگ کی وجہ سے 350 سے 400 اسکو بھی ہوا ہے۔