کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی عبدالرزاق نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ 2011 کے میچ میں کامران اکمل نے جان بوجھ کر کیچ چھوڑے، کامران کمل نے عبدالرزاق کے الزامات کو مسترد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی عبدالرزاق نے نیا پنڈورا بکس کھول دیا، رزاق نے کہا کہ 2011 کے ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں شعیب اختر کی گیند پر کامران اکمل نے روس ٹیلر کے دو کیچ جان بوجھ کر چھوڑے تھے۔
عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے میدان پالی کیلے میں آخری اوور کرنے کے لیے کوئی تیار نہ تھا شاہد آفریدی فاسٹ بولر شعیب اختر سے بولنگ کرانے کے حق میں نہیں تھے۔
رزاق کا کہنا تھا کہ عمر گل کے دس اوورز پورے ہوچکے تھے جس کے باعث مجبوراً مجھے 49واں اوور کروایا گیا حالانکہ میں تو کافی عرصے سے آخری اوور نہیں کرارہا تھا جس کے باعث میرے آخری اوور میں 19 رنز بن گئے تھے۔
یاد رہے کہ 9 مارچ 2011 کو کھیلا جانے والا یہ مقابلہ شعیب اختر کے کیریئر کا آخری میچ ثابت ہوا تھا، جہاں کامران نے ان کی گیندوں پر راس ٹیلر کے دو آسان کیچز گرائے جس کے بعد ٹیلر نے 131 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور انہوں نے شعیب اختر کے 47ویں اوور میں تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 28 رنز اسکور کیے تھے اور ہم میچ ہار گئے تھے۔
عبدالرزاق کو ثبوت دینا ہوگا، کامران اکمل
وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے کہا ہے کہ عبدالرزاق بھائی کو ایسی بات نہیں کرنی چاہئے تھی، یہاں جس کا دل چاہتا ہے منہ اٹھا کر کہہ دیتا ہے، انہیں ثبوت فراہم کرنا ہوں گے۔
کامران اکمل نے مزید کہا کہ عبدالرزاق کی تمام باتیں بے بنیاد کیچز چھوٹنے کا مداحوں کو افسوس ہوا تو آپ سوچیں مجھے کتنا افسوس ہوا ہوگا، وہ الزامات ثابت کریں ورنہ ایسا نہ ہو کہ میں بھی کچھ کہنا شروع کردوں۔