سابق پاکستانی وکٹ کیپر کامران اکمل نے بھارت کو سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف ’بلیو‘ کے بجائے ’اورنج‘ جرسی پہننے کا مشورہ دیا ہے۔
بھارت اور افغانستان کے خلاف آسٹریلوی بیٹر ٹریوس ہیڈ کا ریکارڈ بہت اچھا ہے اسی لیے کامران اکمل نے ازراہ مذاق انہیں ’بلیو‘ کے بجائے سیمی فائنل میں ’اورنج‘ جرسی پہننے کا مشورہ دیا ہے۔
کامران اکمل نے کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ باسط علی سے پچ رپورٹ بھی پوچھ لے۔
انہوں نے کہا کہ کنڈیشن کے مطابق کھیلنا ہوتا ہے آپ ایک طرح کی کرکٹ نہیں کھیل سکتے، اگر بھارت لاہور میں ہو تو 400 بھی اسکور کرسکتا ہے لیکن دبئی میں کنڈیشن مختلف ہے وہاں پر یہ پہلے دس اوور آرام سے کھیلیں گے۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ بھارت وکٹ ہاتھ میں رکھ کر آخری اوورز میں 270 سے 300 کرنے کی کوشش کریں گے۔
کامران اکمل نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں بھارت کو سبق مل گیا ہے کہ یہ 300 والی پچ نہیں ہے، مجھے نہیں لگتا کہ بھارتی ٹیم میں کوئی تبدیلی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ بھارت پانچ اسپنرز کے ساتھ جائے لیکن اس کا امکان کم ہے۔
واضح رہے کہ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں کل بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔