ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے مابین سنسنی خیز ٹکراؤ سے قبل کرکٹر کامران اکمل نے کپتان بابر اعظم اور کھلاڑیوں کو اہم مشورے دیے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے خصوصی پروگرام میں کامران اکمل نے کھلاڑیوں کو مشوروں کے ساتھ ساتھ یہ بھی بتایا کہ بھارتی ٹیم کی کمزوری کیا ہے؟
کامران اکمل نے کہا نیوزی لینڈ میں سیریز جیتنے پر پاکستان ٹیم میں یقیناً اعتماد آیا ہوگا، اور وہاں کی کنڈیشن کی بھی عادت ہوئی ہوگی، تو اس اہم ترین میچ کو بھی اُسی پلیئنگ الیون کے ساتھ کھیلنا چاہیے، اور ہمیں وہی ٹیم انڈیا کے خلاف اتارنی چاہیے۔
تاہم کامران نے یہ بھی کہا کہ بیٹسٹمینوں کو مزید ذمہ داری لینی پڑے گی، ٹیم کب تک بابر اعظم اور محمد رضوان پر انحصار کرتی رہے گی، یہ بڑا اور پریشر والا میچ ہے، اس لیے اگر بہ طور ٹیم پرفارم کریں گے تو اچھا نتیجہ نکلے گا۔
کامران اکمل نے بتایا کہ بھارتی ٹیم کی کمزوریاں سب کو معلوم ہیں، جسپریت بومرا ٹیم کو میسر نہیں ہے، اور بالنگ ان کا کمزور پوائنٹ ہے، تو اس کو اور پاکستان ٹیم کے پلس پوائنٹ کو سامنے رکھ کر گیم پلان ہونا چاہیے۔
انھوں نے کہا میں یہ بھی بتانا چاہتا ہوں کہ وہاں پر باؤنڈری لمبی ہوگی، رنز کے لیے بھاگنا بھی پڑے گا، اس لیے وہاں فٹنس دکھانی پڑے گی، ایک رنز کو دو بھی کرنے پڑیں گے، گیپ میں بڑی ہٹ مارنی پڑے گی، پھر جا کر کامیاب ہوں گے۔
کامران اکمل نے مزید کہا کہ یہ بڑا پریشر والا میچ ہے، یہ ایسے میچ ہوتے ہیں کہ اسٹار بننے کا ٹائم ہوتا ہے، تو پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کے پاس اسٹار بننے کا چانس ہے، اعتماد ہے، سہ فریقی سیریز بھی جیتے ہیں، اس لیے اس مومنٹم کو جاری رکھیں۔