سابق کرکٹر کامران اکمل نے اظہر محمود کو ٹیسٹ ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ بنانے پر پی سی بی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
یوٹیوب شو میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر کامران اکمل نے کہا کہ اظہر محمود کو عبوری ہیڈ کوچ بنانے کی منطق سمجھ نہیں آئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ بالکل ایسا ہی ہے جب پی سی بی نے مکی آرتھر کو کاؤنٹی ٹیم کے ساتھ کام جاری رکھنے کی اجازت دیتے ہوئے کرکٹ کا ڈائریکٹر بنایا تھا، میں اسے تب نہیں سمجھ سکا تھا۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ ان تقرریوں نے طویل المدتی مسائل کو جنم دیا ہے، یہ کردار آرتھر کا جاری ہے اور اس نے پاکستان کرکٹ میں بہت سے مسائل کو جنم دیا ہے۔
کامران اکمل نے کہا کہ یہی چیز اب عبوری کوچنگ سیٹ اپ کے ساتھ ہورہی ہے، اس سے پہلے عاقب جاوید پھر محمد حفیظ اور اب اظہر محمود تھے۔
انہوں نے پی سی بی کو مشورہ دیا کہ وہ پیشہ ورانہ انداز اپنائے اور سب کو خوش کرنے کے بجائے واضح طویل المدتی فیصلے کرے۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ یہ فیصلے سنجیدگی کی کمی کو ظاہر کرتے ہیں جب پی سی بی سنجیدگی سے سوچنا اور پیشہ ورانہ طور پر کام کرنا شروع کردیتا ہے تو اسے اس طرح کے سمجھوتے یا عارضی تقرریوں کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
کامران اکمل نے کہا کہ اظہر کی تقرری ایک مضبوط کوچنگ سسٹم کی تعمیر کے بجائے وفاداری کو انعام دینے کے بارے میں زیادہ دکھائی دیتی ہے۔