کراچی: قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل کوچ اور کپتان کے خلاف پھٹ پڑے ، کہتے ہیں کہ میری کرکٹ ختم نہیں ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کوچ اور کپتان سلیکشن کمیٹی سے زیادہ بااختیار ہیں ،ا نہی کی مرضی سے کھلاڑیوں کا چناؤ ہوتا ہے۔
کامران اکمل کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی کو جو فٹنس اور پرفارمنس کھلاڑیوں سے درکار ہوتی ہے وہ ہم نے دی ہے ، کرکٹ کھیل رہے ہیں اب کیا خود کو بیٹ ماردوں یا سامان جلادوں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کوچ اور کپتان کی چل رہی ہے۔
وکٹ کیپر بیٹس مین نے یہ بھی کہا کہ اتنی ہمت نہیں کہ حق کے لیے لڑائی کرسکوں اور لڑائی کروں گا تو فوراً نوٹس آجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میری کرکٹ چل رہی ہے ابھی ختم نہیں ہوئی ، جہاں موقع ملتا ہے کھیلتے ہیں اور خوب کھیل رہے ہیں ، مزہ آرہا ہے۔
یاد رہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی نے ورلڈ کپ 2019 کے لیے جوپلان تیار کیا ہے، احمد شہزاد، عمر اکمل اور کامران اکمل اس پلان کا حصہ نہیں ہیں۔