کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ سینیٹر فیصل واوڈا جذباتی کھلاڑی ہیں، وہ بھول جاتے ہیں کہ کونسی سائیڈ سے کھیلنا ہے۔
کامران ٹیسوری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جس یونیورسٹی سے فیصل واوڈا ڈاکٹر بنے ہیں میں نے وہاں سے پی ایچ ڈی کی ہے، ہماری یونیورسٹی ایک ہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ جذباتی کھلاڑی ہیں اور جذبات میں اپنے ہی گول پوسٹ پر گول داغ دیتے ہیں۔
گزشتہ روز بھی گورنر سندھ نے سینیٹر کے بیان پر ردعمل میں کہا تھا کہ فیصل واوڈا اچھے انٹرٹینر ہیں، تفریح کیلیے ان کا پروگرام ضرور دیکھتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: ایک گورنر مشکل میں آنے والے ہیں، فیصل واوڈا کا انکشاف
انہوں نے مزید کہا تھا کہ پتا نہیں انہوں نے کس گورنر کی چھٹی کی بات کی، مل کر ڈھونڈ لیں گے کون سا گورنر جا رہا ہے۔
آج ایک تقرہب سے خطاب میں گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پاکستان مضبوط ہاتھوں میں ہے اور یقین ہے خوشیاں آئیں گی، معاشی نظام کو اتنا مضبوط بنائیں گے ملک میں کوئی شخص غریب نہیں رہے گا۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ مجھے یقین ہے پاکستان میں خوشیاں ضرور آئیں گی، حکومت نے تہیہ کر لیا ہے کہ اب کرپٹ نظام نہیں چلے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ حیدر آباد میں بھی 50 ہزار بچوں کیلیے آئی ٹی پروگرام شروع ہو رہا ہے، سکھر میں بھی 50 ہزار بچوں کو آئی ٹی کورس کروانے کا آغاز کریں گے، اسلام آباد میں بھی آئی ٹی کورس کی فراہمی کا پروگرام شروع کریں گے۔
کامران ٹیسوری کا مزید کہنا تھا کہ دعوے کسی اور نے کیے تھے کہ گورنر ہاؤس کی دیواریں توڑ کر یونیورسٹیاں بنائیں گے، ماضی میں نوکریاں دینے کے دعوے کیے گئے تھے، دعوے کسی اور نے کیے لیکن عملی کام ہم کر رہے ہیں۔