ہفتہ, فروری 8, 2025
اشتہار

میں اب سڑکوں پر نکل کر ڈمپر روکوں گا، انہیں پکڑوائیں گے، گورنر سندھ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے شہر میں ٹریفک کے بڑھتے واقعات پر کہنا ہے کہ میں اب سڑکوں پر اس وقت نکلوں گا جب ہیوی ٹریفک کا سڑکوں پر نکلنا ممنوعہ ہے، ان کو روکیں گے، پولیس بلائیں گے اور ان کو پکڑوائیں گے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ ڈی آئی جی ٹریفک کو میرے پاس بھیج دیں مجھ سے مشاورت کریں اور اگر اس کے بعد کوئی ڈمپر کسی کو کچل دے تو براہ راست میری ذمہ داری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صرف کراچی ہی میں ڈمپروں کے کچلنے کے واقعات کیوں ہیں؟ گورنر سندھ کا سوال

کامران ٹیسوری نے کہا کہ آئی جی سندھ غلام نبی میمن کو خط لکھا ہے اور اب وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کو بھی خط لکھ رہا ہوں، 70 سے زائد لوگ ڈمپر حادثے میں جاں بحق ہو چکے ہیں، مجھے ایک علاقے کا بھی ثبوت دے دیں کہ کسی کو معطل کیا گیا ہو، جزا اور سزا کی بات کریں پھر پرفارمنس نظر آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے تجویز دی ہے کہ ٹریفک پولیس میرے ماتحت کر دیں اگر ایک ہفتے میں اس کو ٹھیک نہ کروں تو بولیے گا، آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی ٹریفک فوری اقدامات کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹریفک حادثات میں مرنے والوں کے لواحقین کے ساتھ کھڑا ہوں، لواحقین کے ساتھ مالی معاملات میں بھی ساتھ ہوں، اتنے حادثات کے بعد کوئی سینئر افسر یا ڈی آئی جی ٹریفک آپ کو سڑکوں پر نظر آئے؟ آئی جی بتائیں کیا ان کے افسر ٹھنڈے کمروں میں بیٹھے رئیں گے اور احکامات دیتے رہیں گے؟

گورنر سندھ نے یہ بھی بتایا کہ اس بار رمضان کو اتحاد رمضان کا نام دیا ہے، اس بار گورنر ہاؤس کو شہر رمضان بنایا جا رہا ہے جہاں تراویح کا اہتمام بھی کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان میں 10 لاکھ لوگوں کیلیے افطار ڈنر کا اہتمام کیا ہے، روزانہ آنے والے شہری افطار قرعہ اندازی میں شامل ہوں گے جس میں موٹر سائیکل، لیپ ٹاپ، پلاٹ اور عمرہ کے ٹکٹس ہوں گے۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ اتحاد رمضان کرنے کا مقصد لوگوں کو جوڑنا ہے، رمضان میں شیطان ویسے ہی بند ہوتا ہے تو گورنر ہاؤس میں رمضان کی رونقیں دینے جا رہے ہیں جہاں ہر روز قوالی بھی ہوگی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں