گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھارت کو واضح پیغام دیا ہے کہ ویسے تو ہم سے پنگا نہ لینا مگر افواج پاکستان سے مئی میں پنگا نہ لینا، گزشتہ سال بھی 9 مئی والوں کو بتا دیا اس سال بھی نانی یاد دلا دی، بھنڈی کھانے والوں پنڈی سے پنگا نہ لینا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ خطے میں برابری کی بنیاد پر توازن قائم ہو چکا ہے، 1965 کی جنگ کی یادیں 2025 میں تازہ ہوگئیں، افواج پاکستان نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان امن پسند ملک ہے ہم جنگ نہیں چاہتے، ہماری افواج نے بھارت کے تکبر کو خاک میں ملا دیا، افواج پاکستان گزشتہ ڈیڑھ سال سے تنقید کا نشانہ بن رہی تھی لیکن اسی فوج کے سپہ سالار، پاک فضائیہ اور نیوی کے جوانوں کو فجر کے وقت روانہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: افواج پاکستان کی میڈیا بریفنگ کے بعد بھارتی میڈیا میں صف ماتم
گورنر سندھ نے کہا کہ ہماری افواج نے بتا دیا اس ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، ہم نے اپنی معیشت کا دفاع بھی ایسے ہی کرنا ہے ہم اپنی معیشت کو بہتر کرنے کیلیے سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں، ہمیں اب آئی ایم ایف سے جان چھڑانی ہے اور دنیا میں پاکستان اور پاکستانیوں کو رسوا نہیں ہونے دینا۔
’نوجوانوں کو گمراہ کر کے دوبارہ 9 مئی کروانے کی منصوبہ بندی تھی۔ دشمن کی سوچ کو ملک میں عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی گئی۔ نوجوانوں کو فوج کے خلاف کرنے کی کوشش کی گئی۔ اوورسیز پاکستانی ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی میڈیا نے ایسے جھوٹ بولے کہ ریکارڈ توڑ دیے، میرے جوانوں نے جواب دیا کہ قبضے کا سوچنا بھی ہوگا، آئندہ جنگ کی تو میرے آئی ٹی کے 50 ہزار جوان تم سے لڑنے کو تیار ہیں۔
’سنا ہے مودی کو چائے میں اچار ڈال کر پینا پڑ رہا ہے۔ ہمارے وزیر اعظم اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے بات کی تو لگ رہا تھا کوئی ملک بات کر رہا ہے لیکن جب مودی نے بات کی تو ایسا لگ رہا تھا کہ کوئی بھیک مانگ رہا ہے۔‘
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ اب وقت آ چکا ہے ہم کشمیر کا بدلہ بھی لیں گے، ہمارے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر حافظ قرآن ہیں، ہم اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کا ساتھ بھی نہیں چھوڑیں گے، فلسطینیوں کیلیے یہی فاتح سپہ سالار اور افواج پاکستان کردار ادا کریں گے۔