کراچی: متحدہ قومی مومنٹ کے رہنما کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ پی آئی بی اور بہادر آباد بحران میں کلیدی کردار خواجہ اظہار الحسن کا بھی ہے، وہ 5 فروری کو مجھ سے ملاقات کے لیے گھر تشریف لائے تھے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی کے پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں انٹرویو دیتے ہوئے کیا، کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ پی آئی بی اور بہادر آباد بحران میں اہم اور کلیدی کردار خواجہ اظہار الحسن کا بھی ہے، وہ مجھ سے ملاقات بھی کرنے آئے تھے، وقت کی قلت کے باعث میں خواجہ اظہار سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ نہیں کرسکا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی تنازعات کو ختم کرنے اور انیس قائم خانی سے بات کرنے کے لیے مجھے فوکل پرسن بنایا گیا، بہادر آباد کے کئی ساتھی بھی تمام ملاقاتیں میرے گھر پر ہی کیا کرتے تھے۔
استعفیٰ دے رہا ہوں، فاروق ستار کو سربراہ تسلیم کریں، کامران ٹیسوری کی پیش کش
رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ ایم پی ایز کو دھمکیاں مل رہی ہیں جس پر فاروق ستار نے سیکیورٹی کا مطالبہ کیا ہے، اگر ایم پی اے خود غیر محفوظ ہوگا تو حلقے کے لوگوں کو تحفظ کون فراہم کرے گا؟
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ کل شبیر قائم خانی نے خود اعتراف کیا کہ وجہ میں نہیں تھا، لیکن چند لوگوں نے پارٹی تنازعات کی وجہ مجھے بتائی اور بہادر آباد کے ساتھیوں نے تنازع کی وجہ سینیٹ الیکشن بتائی۔
فاروق ستار کامران ٹیسوری کےبغیر بہادر آبادآئیں ،رابطہ کمیٹی
ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاست میں آنے والا ہر شخص کلیدی کردار ادا کرنا چاہتا ہے، ہم کراچی میں مہاجروں کے حقوق کے لیے سیاست کرتے ہیں، اگر کراچی کے عوام اور ووٹر سے بھیک مانگنا پڑی تو ضرور مانگیں گے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔