کراچی ٹیسٹ میں ڈبل سینچری اسکور کرنے والے کیوی بیٹر کین ولیمسن کا کہنا ہے کہ ہمیں اب بھی میچ جیتنے کے لئے کافی محنت کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق چوتھے دن کھیل کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیوی بیٹر کین ولیمسن نے کہا کہ میری اننگز کی بدولت ٹیم کی پوزیشن مستحکم ہوگئی ہے، مگر ابھی بھی میچ جیتنے کے لئے کافی محنت کی ضرورت ہے۔
کیوی ٹیم کے سابق قائد نے کہا کہ جب آپ بلے بازی کرنے جاتے ہیں تو آپ کو اسکور کرنا چاہئے، ہم نے پہلی اننگز میں اچھی بیٹنگ کی اور پچ نے بھی ہمیں سپورٹ کیا، میچ کے آخری روز کوشش کرینگے کہ پچ کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان کو آؤٹ کریں۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے مایہ ناز بلے باز اور سابق کپتان ولیمسن نے کراچی ٹیسٹ کے دوران اہم اعزاز حاصل کیا، ولیمسن پاکستان کے میدانوں میں سب سے طویل اننگز کھیلنے والے کیوی کھلاڑی بن گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی ٹیسٹ، پاکستان کی دوسری اننگز میں 77 رنز پر دو وکٹیں گر گئیں
کین ولیمسن نے کراچی ٹیسٹ کے دوران 600 منٹس تک بلے بازی کر کے یہ اہم ریکارڈ اپنے نام کیا ، اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کھلاڑی مارٹن کرونے نے سال 1990 میں پاکستانی میدان میں 552 منٹس تک بلے بازی کی تھی ۔
ادھر کراچی ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ نے اپنی اننگز 612 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کردی جس کے بعد پاکستان نے دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 77 رنز بنالیے ہیں، پاکستان کو کیوی ٹیم کی برتری ختم کرنے کے لیے قومی ٹیم کو مزید 97 رنز درکار ہیں۔