بالی ووڈ کی معروف اداکارہ و سیاست دان کنگنا رناوت کا اپنی متنازع فلم ’ایمرجنسی‘ کی ریلیز ملتوی ہونے پر ردعمل آگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کنگنا رناوت کی متنازع فلم ’ایمرجنسی‘ رواں ماہ 6 ستمبر کو سنیما گھروں کی زینت بننی تھی لیکن مختلف تنازعات کی وجہ سے فلم کی ریلیز ملتوی کردی گئی ہے۔
عدالت کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کنگنا رناوت نے فلم کی ریلیز میں تاخیر پر مایوسی کا اظہار کیا اور اسے غیر منصفانہ قرار دیا۔
کنگنا رناوت نے کہا کہ میری فلم ‘ایمرجنسی’ حقائق کے مطابق ہے اور اس کے باوجود اس میں ایک خاص کمیونٹی کو نشانہ بنانے کے دعوے کیے جا رہے ہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ میری فلم پر اب ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، یہ ایک خوفناک صورتحال ہے، میں اپنے ملک، اس کی قوم اور یہاں کے موجودہ حالات سے بہت مایوس ہوں۔
واضح رہے کہ 31 اگست کو پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت ہوئی تھی جسے موہالی کے رہائشیوں گُرِندر سنگھ اور جگموہن سنگھ نے دائر کیا تھا، درخواست میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ فلم کو دیے گئے سینسر سرٹیفکیٹ کو منسوخ کیا جائے اور اسے ممتاز سکھ شخصیات کے ذریعے ریویو کروایا جائے۔
سماعت کے بعد فلم ‘ایمرجنسی’ کی ریلیز کو ملتوی کردیا گیا اور ‘ایمرجنسی’ کے فلمساز کو حکم دیا گیا ہے کہ فلم سے متازعہ مناظر ہٹا دیے جائیں۔
یاد رہے کہ کنگنا رناوت نے فلم ‘ایمرجنسی’ میں سابق بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی کا کردار نبھایا ہے، فلم کی دیگر کاسٹ میں انوپم کھیر، شریاس تلپڑے، ماہیما چوہدری، ملند سومن اور اشوک چھابرا شامل ہیں۔