بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور سیاستدان کنگنا رناوت نے پریانکا گاندھی کو اپنی آنے والی فلم ’ایمرجنسی‘ دیکھنے کی دعوت دے دی۔
بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ 38 سالہ کنگنا رناوت ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’ایمرجنسی‘ کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جو کہ 17 جنوری کو ریلیز ہو رہی ہے۔
کنگنا کا کہنا تھا کہ انہوں نے پریانکا گاندھی کو فلم دیکھنے کے لیے دعوت نامہ بھجوایا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ فلم 1975ء سے 1977ء کے 21 ماہ کے عرصے پر بنائی گئی ہے جب سابق وزیرِ اعظم اندرا گاندھی نے اندرونی اور بیرونی خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے بھارت بھر میں ہنگامی حالت نافذ کردی تھی، کنگنا اس فلم میں اندرا گاندھی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
کنگنا کا بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میری پریانکا گاندھی سے پارلیمنٹ میں ملاقات ہوئی تھی اور اس وقت جو پہلی بات میں نے ان سے کہی وہ یہ تھی کہ آپ کو فلم ایمرجنسی دیکھنی چاہیے۔
کنگنا کا کہنا تھا کہ میری بات پر پریانکا گاندھی نے بہت ہی اچھے اور نرم انداز میں کہا تھا کہ ہاں ہو سکتا ہے میں فلم دیکھوں۔
کنگنا نے کہا کہ تو دیکھتے ہیں کہ وہ فلم دیکھنا چاہیں گی یا نہیں، میرے خیال میں یہ فلم ایک واقعے اور ایک شخصیت کی بہت ہی حساس اور سمجھدار تصویر کشی ہے۔
شادی کی ناکامی کے 99 فیصد کیسز میں مرد قصوروار ہوتے ہیں، کنگنا رناوت
کنگنا نے یہ بھی کہا کہ میں نے اندرا گاندھی کے حوالے سے کافی ریسرچ کی اور اس بارے میں بہت مواد موجود ہے، وہ بہت اچھی لیڈر تھیں، کوئی 3 بار وزیر اعظم بن جائے یہ آسان نہیں ہے۔