بدھ, اکتوبر 9, 2024
اشتہار

کنگنا رناوت نے سلمان خان کی کن فلموں میں کام کی آفرز ٹھکرائیں؟

اشتہار

حیرت انگیز

ممبئی: بالی وڈ اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت نے انکشاف کیا کہ سُپر اسٹار سلمان خان نے انہیں اپنی دو فلموں میں کام کی پیشکش کی تھی لیکن انہوں نے ٹھکرا دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ماضی میں فلم انڈسٹری کا بائیکاٹ کرنے والی کنگنا رناوت نے بتایا کہ سلمان خان ان پر کتنے مہربان ہیں۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے حالیہ انٹرویو میں کنگنا رناوت نے انکشاف کیا کہ سلمان خان نے انہیں فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ اور ’سلطان‘ میں اداکارہ انوشکا شرما کی جگہ کردار کی آفر کی تھی۔

- Advertisement -

’جب سلمان خان نے ’بجرنگی بھائی جان‘ کیلیے آفر دی تو میرا کہنا تھا کہ یہ کیسا کردار دیا ہے، پھر انہوں نے مجھے ’سلطان‘ میں کام کی پیشکش کی لیکن میں نے دونوں کو مسترد کر دیا۔‘

اداکارہ و سیاستدان نے بتایا کہ فلمیں مسترد کرنے کے باوجود ان کا میرے ساتھ رشتہ کافی مضبوط ہے، ان سے بات ہوتی رہی ہے اور وہ میری آئندہ ریلیز ہونے والی فلم ’ایمرجنسی‘ دیکھنے کیلیے کافی پُرجوش ہیں۔

کنگنا رناوت فلم ’ایمرجنسی‘ میں اندرا گاندھی کے روپ میں نظر آئیں گی جس میں 1975 کے کچھ مناظر دکھائے جائیں گے۔

تاہم دوسری جانب فلم کا ٹریلر لانچ ہونے کے بعد سکھ برادری کا سخت ردعمل سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے فلم پر فوری طور پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔

شرومنی گردوارہ پربندھک کمیٹی (SGPC) کی طرف سے فلم کے ٹریلر پر سخت اعتراض کیا گیا۔ کمیٹی نے فلم میں سکھوں کو غلط طریقے سے دکھانے اور کمیونٹی کی تاریخ کی توہین کرنے کا الزام عائد کیا۔

کمیٹی کے سربراہ ہرجندر سنگھ دھامی نے الزام لگایا کہ فلم میں سکھوں کو جان بوجھ غلط طریقے سے پیش کیا گیا۔ انہوں نے فلم کو سکھوں کی کردار کشی کے مترادف قرار دیا۔

مزید برآں کمیٹی نے کنگنا رناوت کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

ہرجندر سنگھ دھامی کا کہنا تھا کہ حکام فوری طور پر کنگنا رناوت کے خلاف ایف آئی آر درج کرے کیونکہ انہوں نے فلم کے ذریعے ہمارے مذہبی جذبات کو مجروح کیا۔

انہوں نے سکھوں اور پنجاب کے خلاف متنازع بیانات دینے کے باوجود کنگنا رناوت کو تحفظ فراہم کرنے پر مودی سرکاری پر بھی تنقید کی۔

کمیٹی سربراہ نے مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات پر زور دیا کہ وہ فلم پر پابندی لگانے کیلیے فوری اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ فلموں میں تاریخ کو غلط طریقے سے پیش کرنے سے سکھ برادری کو بارہا تکلیف پہنچی ہے اور مستقبل میں اس طرح کی کردار کشی کو روکنا ہوگا۔

زی اسٹوڈیو نے فلم کا پوسٹر جاری کیا تھا جس میں کنگنا رناوت کو اندرا گاندھی کے روپ میں دیکھا گیا تھا۔ پوسٹ میں لکھا تھا کہ بھارت کے تاریک ترین زمانے کے پیچھے کی کہانی کو افشا کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں