بالی ووڈ اداکارہ و ہدایت کارہ کنگنا رناوت نے اپنی فلم ’ایمرجنسی‘ میں سنسر بورڈ کی جانب سے چند مناظر ڈیلیٹ کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کنگنا رناوت کی متنازع فلم ’ایمرجنسی‘ رواں ماہ 6 ستمبر کو سنیما گھروں کی زینت بننی تھی لیکن مختلف تنازعات کی وجہ سے فلم کی ریلیز ملتوی کردی گئی تھی۔
عدالت کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کنگنا رناوت نے فلم کی ریلیز میں تاخیر پر مایوسی کا اظہار کیا تھا اور اسے غیر منصفانہ قرار دیا تھا۔
تاہم اب سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (سی بی ایف سی) نے بمبئی ہائی کورٹ کو مطلع کیا کہ فلم ایمرجنسی کی شریک پروڈیوسر کنگنا رناوت نے سنسر بورڈ کے جائزہ کمیٹی کی جانب سے تجویز کردہ ترامیم کو تسلیم کرلیا ہے۔
یہ معاملہ زی اسٹوڈیوز کی طرف سے دائر کی گئی ایک درخواست سے متعلق تھا، جس میں فلم کے لیے سنسر سرٹیفکیٹ کے اجرا کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ اس فلم کو سکھ کمیونٹی کی نمائندگی کے حوالے سے تنازعات کا سامنا تھا، جس کی وجہ سے اس پر پابندی کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ گزشتہ ہفتے سنسر بورڈ نے کہا تھا کہ کچھ ترامیم کے بعد فلم کو ریلیز کیا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ کنگنا رناوت نے فلم ‘ایمرجنسی’ میں سابق بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی کا کردار نبھایا ہے، فلم کی دیگر کاسٹ میں انوپم کھیر، شریاس تلپڑے، ماہیما چوہدری، ملند سومن اور اشوک چھابرا شامل ہیں۔