ممبئی : بھارت میں کسانوں نے بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کی گاڑی کو گھیرے میں لے کر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا اور شدید نعرے بازی کی۔
بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کو کسانوں کی برہمی کا سامنا کرنا پڑا، گزشتہ رو بالی ووڈ اداکارہ منالی سے ممبئی جارہی تھیں کہ راستہ میں پنجاب کے علاقے روپڑ کے قریب اُن کے قافلہ کو مشتعل کسانوں نے گھیر لیا اور متنازعہ زرعی قوانین اور کسان تحریک کے خلاف دیئے گئے اُن کے بیانات پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر کسانوں نے بالی ووڈ اداکارہ کے خلاف زبردست نعرے بازی بھی کی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچ گئی اور دو گھنٹے کے شور شرابے اور ہنگامے کے بعد پولیس احتجاج کرنے والی ایک خاتون کو کنگنا کی گاڑی کے قریب لے گئی جس سے کنگنا نے معافی مانگی اور پھر قافلے کو آگے بڑھنے کی اجازت دی گئی۔
کسانوں کے اس مظاہرے میں بڑی تعداد میں خواتین بھی موجود تھیں اور وہ بھی کنگنا کے خلاف نعرے لگا رہی تھیں۔ مظاہرین کسانوں کا کہنا تھا کہ کنگنا رناوت نے کئی بار کسانوں، کسان تحریک اور یہاں تک کہ خاتون کسانوں کے بارے میں بھی غلط الفاظ کا استعمال کیا اور غلط بیانات دیے۔
ایسے میں جب تک وہ معافی نہیںمانگیں گی، ان کے قافلے کو آگے نہیں جانے دیا جائے گا۔ آخر کار کنگنا کو کسانوں سے معافی مانگنی ہی پڑی۔
یاد رہے کہ متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف جاری تحریک کے بارے میں کنگنا نے کئی متنازعہ بیانات دیے ہیں۔ کسان تحریک کے شروع میں کنگنا نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ایک بزرگ خاتون کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ایسے لوگ کچھ روپے لے کر تحریک میں پہنچ جاتے ہیں۔
اس کے بعد ایک بار کنگنا نے انہوں نے مظاہرین کسانوں کو خالصتانی دہشت گرد بھی کہا تھا کنگنا کے ایسے تبصروں کے بعد سے کسانوں اور پنجاب میں ان کے خلاف زبردست غصہ پایا جاتا ہے۔ ان کے خلاف کئی رپورٹس بھی درج کروائی جاچکی ہیں۔