کپل دیو جو کہ بھارت کے لیجنڈ کرکٹرز میں سے ایک ہیں، ورلڈکپ سے محض چند دن قبل ان کے اغوا کی ویڈیا نے سوشل میڈیا صارفین کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔
سابق بھارتی اوپنر گوتم گمبھیر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کپل دیو کے اغوا کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ان کی خیریت سے ہونے کی دعا کی ہے۔ پوسٹ کے کیپشن میں گمبھیر نے سوالیہ انداز میں پوچھا کہ ’کسی اور کو بھی یہ کلپ موصول ہوا ہے؟ امید ہے کہ حقیقت میں ایسا نہیں ہوا ہوگا اور کپل پاجی خیریت سے ہوں گے۔‘
گوتم نے جو ویڈیو شیئر کی ہے اس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص کے ہاتھ پیٹھ کے پیچھے بندھے ہوئے ہیں اور وہ غالباً کپل دیو یا ان سے ملتی جلتی شکل کا کوئی شخص ہے۔ اسے دو نامعلوم افراد زبردستی اپنے ساتھ کھینچتے ہوئے لے جا رہے ہیں۔
ویڈیو میں اغوا ہونے والا شخص پیچھے مڑ کردیکھتا ہے جس سے اس کا چہرہ واضح طور پر نظر آتا ہے، مذکورہ شخص سابق بھارتی کپتان کپل دیو سے غیر معمولی مشابہت رکھتا ہے۔
Anyone else received this clip, too? Hope it’s not actually @therealkapildev 🤞and that Kapil Paaji is fine! pic.twitter.com/KsIV33Dbmp
— Gautam Gambhir (@GautamGambhir) September 25, 2023
اس ویڈیو کے انٹرنیٹ پر وائرل ہونے کے بعد کرکٹ شائقین حیران کن تشویش میں مبتلا ہیں، کچھ صارفین کا خیال ہے کہ یہ حقیقی اغوا کی واردات نہیں ہے بلکہ کسی اشتہاری اسٹنٹ کے لیے ایسا کیا گیا ہے۔
مداحوں نے اس طرح کا اشتہار بنانے پر کمپنی کو بھی آڑے ہاتھوں لیا ہے کہ وہ صرف ویوز حاصل کرنے کے لیے کس طرح اتنا گرا ہوا کام کرنے سے بھی گریز نہیں کررہی۔