نئی دہلی : بھارت کے سابق کرکٹر کپل دیو نے عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے معذرت کرلی اور کہا ذاتی مصروفیات کی وجہ سے پاکستان نہیں جارہا، اسے دوسرا رنگ دینے کی کوشش نہ کریں۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کی تقریب حلف برداری کے بارے میں بھی بھارتی میڈیا زہراگلنے سے باز نہیں آرہا، بھارتی اینکر نے مرضی کا بیان دلوانے کے لئے کپل دیو پر دباؤ ڈالا اور کہا آپ نے عمران خان کا دعوت نامہ ٹھکرا دیا۔
جس پر کپل دیو نے جواب دیا کہ عمران خان کی جانب سے مدعو کرنے پر ان کا مشکور ہوں، ذاتی مصروفیات کی وجہ سے تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے پاکستان نہیں جارہا، اسے دوسرا رنگ دینے کی کوشش نہ کریں۔
اس سے قبل بھارت کے سابق کرکٹر سنیل گواسکر نے عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے معذرت کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا تھا، عمران خان کا وزیراعظم بننا بڑا موقع ہے، توقع ہے پاک بھارت تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
مزید پڑھیں : سنیل گواسکر کی عمران خان کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت سے معذرت
یاد رہے بھارت کے سابق کرکٹرکپل دیو نے عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان میں تب بھی جنون تھا، اب بھی ہے، عمران خان کو 25 سال لگ گئے، اس مقام تک پہنچنے کے لئے، ان میں عمران لیڈرشپ کی سوچ ہے۔
خیال رہے کہ سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ویزہ جاری ہوگیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ 18 اگست کو پاکستان آرہا ہوں۔
واضح رہے عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے تین بھارتی کرکٹرز کو مدعو کیا گیا، جن میں سنیل گواسکر، کپل دیو، اور نوجوت سنگھ سدھو شامل ہیں۔