ممبئی: معروف بھارتی کامیڈین و اداکار کپل شرما اپنی 2015 کی کامیاب فلم ’کس کس کو پیار کروں‘ کے سیکوئل کے ساتھ بڑے پردے پر واپسی کیلیے تیار ہیں جو جون 2025 میں ریلیز ہونے کی توقع ہے۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کپل شرما فلمی کردار میں خود کو ڈھالنے کی تیاری کر رہے ہیں، اس میں رنبیر کپور کی والدہ نیتو کپور نظر آئیں گی جبکہ بہن ردھیما کپور ڈیبیو کریں گی۔
ذرائع نے بتایا کہ فلم کی ہدایت کاری آشیش آر موہن کریں گے، مزاحیہ فلم کی شوٹنگ چندی گڑھ میں اپریل کے وسط تک شروع ہونے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کپل شرما اور راجپال یادو کو جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول
فی الحال فلم کا نام اور اس کی کہانی کی تفصیلات کو جفیہ رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے فلم بینوں میں جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ توقع ہے کہ بہت جلد پروجیکٹ کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
چند روز قبل کپل شرما کی ممبئی ایئرپورٹ پر موجودگی کی ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں وزن میں کمی کے بعد پہلے سے کہیں زیادہ دبلے نظر آئے۔ کامیڈین کی ویڈیو دیکھ کر مداح بھی حیران رہ گئے اور بعض نے پریشانی کا اظہار بھی کیا۔
بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ کپل شرما نے اکشے کمار کی فٹنس سے متاثر ہو کر جم جانا شروع کیا اور وہ روزانہ صبح سویرے اٹھ کر جم جاتے ہیں۔
فروری سے کامیڈین سخت ٹریننگ لے رہے ہیں، روزانہ دو گھنٹے جم میں ورزش کرتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ کک باکسنگ کی بھی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔
ایک صارف نے کہا کہ لگتا ہے کپل شرما بھی کرن جوہر سے متاثر ہو کر ان کے نقش قدم چل رہے ہیں۔