اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

سورج کے قریب ایک اور سورج دریافت

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: ناسا نے سورج کے قریب 60 کروڑ سال قدیم ستارہ دریافت کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ناسا کے ماہرین فلکیات نے سورج کے قریب ایک اور سورج کو دریافت کر لیا ہے، حجم میں سورج سے چھوٹا یہ ستارہ سورج ہی کی طرح لگتا ہے، کپا 1 سیٹی نامی ستارے میں سورج ہی کی طرح کا درجۂ حرارت اور روشنی پائی جاتی ہے۔

ناسا ماہرین فلکیات کی جانب سے اس ستارے کے مطالعاتی مشاہدات جاری ہیں۔

- Advertisement -

ناسا کا کہنا ہے کہ ابتدائی نظام شمسی میں اربوں سال پیچھے جانا اور یہ دیکھنا ناممکن ہے کہ سورج کیسا تھا اور کب زمین پر پہلی بار زندگی کے آثار پیدا ہوئے، تاہم اس دریافت سے سائنس دانوں کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملے گا کہ کیسے سورج سیاروں کے ماحول اور زمین پر زندگی کی نشوونما کا سبب بنتا ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ سائنس دان اس بات کو بہتر طور پر سمجھ سکیں گے کہ ہمارا سورج جب جوان تھا تو کیسا رہا ہوگا، اور اس نے کس طرح ہمارے سیارے کے ماحول اور زمین پر زندگی کی تشکیل کی ہوگی، سائنس دان اس حوالے سے متجسس رہتے ہیں کہ ہمارے سورج کو، جو اس وقت اپنی زندگی کی درمیانی عمر میں ہے، نوجوانی میں کن خصوصیات نے اس قابل بنایا ہوگا کہ اس نے زمین پر زندگی کو سہارا دینا شروع کیا، اس سلسلے میں سائنس دان ستارے سے نکلنے والی کورونل ماس ایجیکشنز اور ہواؤں کا مطالعہ کر رہے ہیں۔

کپا وَن سیٹی (Kappa 1 Ceti) نامی یہ سورج زمین سے 30 نوری سال کی دوری پر واقع ہے، اگر مکانی اصطلاح میں کہا جائے تو یہ اتنی ہی دوری پر جیسے اگلی گلی میں واقع ہو، اور اس کی عمر 60 سے 75 کروڑ سال ہے یعنی اتنی ہی جتنی ہمارے سورج کی اس وقت تھی جب زمین پر زندگی پیدا ہوئی۔

خیال رہے کہ ملکی وے کہکشاں کے اندر 100 ارب سے زیادہ ستارے ہیں، جن میں سے 10 میں سے ایک ہمارے اپنے ستارے کے سائز اور چمک کے برابر ہیں، اور ان میں سے بہت سے ستارے ابھی ترقی کے ابتدائی مراحل میں ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ انسانی بچوں کی طرح، نوجوان ستارے بھی عمر کے حساب سے نشونما پاتے ہیں اور ان کی خصوصیات میں تبدیلیاں پیدا ہوتی ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں