اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

کراچی: نوجوان کے اغوا کا ڈراپ سین، پولیس بھی سٹ پٹا گئی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد سے اغوا ہونے والے 17 سالہ نوجوان کو پولیس نے ڈرامائی انداز سے بازیاب کرالیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے پاک کالونی سے تعلق رکھنے والا 17 سالہ نوجوان 2 روز قبل لاپتہ ہوا، جس کے بعد بڑے بھائی کے موبائل پر تاوان کے لیے خواتین کی کالز موصول ہوئیں۔

مغوی کے بھائی نے تھانہ پاک کالونی میں مقدمہ درج کرایا اور بتایا کہ اُس کے بھائی کو اغوا کرلیا گیا ہے، خواتین کے نمبرز سے کال موصول ہوئیں جو بھائی کو رہا کرنے کے لیے دو لاکھ روپے تاوان طلب کررہی ہیں۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کیا اور کیس اینٹی وائلنٹ کرائم سیل منتقل کیا جس کے بعد تحقیقات کے لیے ٹیم تشکیل دی گئی۔

اے وی سی سی کی ٹیم نے موبائل نمبر کی تفصیلات حاصل کیں اور ظاہر ہونے والی آخری لوکیشن دیکھی جو اورنگی ٹاؤن کی آرہی تھی۔

اے وی سی سی اور پولیس نے اورنگی ٹاؤن میں کارروائی کی جہاں سے مغوی کو بازیاب کر اکے دو نوجوان لڑکیوں کو گرفتار کیا جن کی شناخت شایہ اور طوبیٰ کے ناموں سے ہوئی۔

پولیس حکام کے مطابق لڑکے نے اپنے بھائی اور اہل خانہ سے دو لاکھ روپے لینے کے لیے دو لڑکیوں کو ساتھ ملا کر اغوا کا ڈرامہ رچایا، ان دونوں لڑکیوں نے خود کو اغوا کار ظاہر کر کے بھائی کے نمبر پر کال کر کے دو لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔ پولیس کے مطابق لڑکا خود اورنگی ٹاؤن کے ایک گھر میں جاکر چھپ گیا تھا جبکہ یہ دونوں لڑکیاں بھی وہیں موجود تھیں۔

اہم ترین

سلمان لودھی
سلمان لودھی
سلمان لودھی اے آر وائی نیوز کراچی کے کرائم رپورٹر ہیں۔

مزید خبریں