کراچی: شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں سسر کے ہاتھوں 25 سالہ بہو کو مبینہ طور پر قتل کردیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں سسر نے 25 سالہ بہو کو قتل کردیا اور باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز فاطمہ شمیم نامی خاتون کو اس کے سسر نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا، فاطمہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
پاکستان بازار تھانے کی پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز فاطمہ نے اپنے سسر کے تشدد کے خلاف درخواست بھی دی تھی۔
ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ مفرور سسر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں جلد ملزم کو گرفتار کرلیا جائے گا۔
ساہیوال، 3 بچوں کی ماں قتل، ملزم گرفتار
دوسری جانب پنجاب کے علاقے ساہیوال تھانہ فتح شیر کی حدود میں خاتون کو مبینہ طور پر قتل کردیا گیا، خاتون 3 بچوں کی ماں تھی، قتل کے الزام میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
ورثا نے الزام عائد کیا ہے کہ خاتون کو شوہر اور سسرالیوں نے تشدد کرکے قتل کیا، پولیس کے مطابق خاتون کے چہرے پر تشدد کے نشانات موجود تھے۔
پولیس کے مطابق خاتون کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال منتقل کردی گئی ہے، رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔