کراچی : گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر قائد سے تین بچے لاپتہ ہوگئے، تھانوں میں رپورٹ کے باوجود پولیس گمشدہ بچوں کی بازیابی میں تاحال ناکام ہے، والدین بچوں کی صورت دیکھنے کو ترس گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں لاپتہ تین بچوں کو چوبیس گھنٹے بعد پولیس تلاش کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے، جن میں دو سگے بہن بھائی بھی شامل ہیں، والدین اپنے پیاروں کو دیکھنے کے لیے بے قرار ہیں۔
لائنز ایریا اور مومن آباد تھانے میں بچوں کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی جاچکی ہے، رپورٹ کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں سے بہن بھائی سمیت تین کم عمر بچے لاپتہ ہوئے، چوبیس گھنٹے بعد بھی پولیس سراغ نہ لگاسکی۔
ان لاپتہ بچوں میں دس سالہ عبدالرحمان،اس کی چھ سال کی بہن شبنم اور اس سات سال کی بشری شامل ہیں، بچوں کے والدین نے اغواء کا شبہ ظاہر کیا ہے۔
پولیس کے مطابق عبدالرحمان اور شبنم اورنگی ٹاؤن کی فرید کالونی سے لاپتہ ہوئے جبکہ بشری لائنزایریا میں اسکول جاتے ہوئے گم ہوئی، بچوں کی گمشدگی کی درخواستیں لائنز ایریا اور مومن آباد کے تھانوں میں جمع کرائی گئی ہیں۔