کراچی:ملیرچمن کالونی میں نجی کلینک میں مبینہ غلط انجکشن سے 15سال کی لڑکی جاں بحق ہوگئی ، پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا تاکہ اصل حقیقت سامنے آسکے گی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کےعلاقہ ملیرچمن کالونی میں مبینہ غلط انجکشن سے پندرہ سال کی لڑکی چل بسی، اہل خانہ نے بتایا کہ 15 سالہ لڑکی کی طبیعت افطار کے بعدخراب ہوئی تھی ، قریبی اسپتال لےکرگئےجہاں انہوں نے ڈرپ لگائی۔
اہلخانہ کا کہنا تھا کہ اسپتال سے ڈسچارج ہونے پر لڑکی کو گھر لے آئے، کمرے میں لٹایا، جس کے بعد ہم کاموں میں مصروف ہوگئے، کمرے میں دیکھا تو لڑکی مردہ حالت میں تھی۔
اہل خانہ نے کہا کہ لڑکی کی موت کلینک کی غفلت کا نتیجہ ہے ، لڑکی کا پوسٹ مارٹم کروا کر تحقیقات کی جائے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ لڑکی کےگھروالے اسپتال انتظامیہ کی غفلت بتا رہے ہیں، لڑکی بیمار تھی والدین علاقے کے نجی کلینک لے کر گئے تھے، نجی کلینک میں دیئے گئے انجکشن سے لڑکی کی طبیعت مزید بگڑی اور کلینک میں غلط انجکشن لگنے کی وجہ سے لڑکی دم توڑگئی۔
حکام کا کہنا تھا کہ لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا تاکہ اصل حقیقت سامنے آسکے گی، پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔