کراچی: پاک بحریہ کےجہاز پی این ایس رسدگار نے شمالی بحیرہ عرب میں ریسکیو آپریشن کیا ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کراچی کے ساحل سےدور ماہی گیروں کی کشتی میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، سیکیورٹی گشت کے دوران پاک بحریہ کےجہازنے کشتی میں لگی آگ کامشاہدہ کیا۔
ترجمان کے مطابق پاک بحریہ کےجہاز پی این ایس رسدگار نے شمالی بحیرہ عرب میں پہنچ کر ریسکیو آپریشن کیا، پی این ایس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ماہی گیروں کوبچالیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نیوی اور پی ایم ایس اے نے گہرے سمندر میں ڈوبنے والے 15 شامی باشندوں کو بچا لیا
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق سفینہ پائی خیل نامی کشتی پر 16 ماہی گیر سوار تھے، ماہی گیروں کو طبی امداد کے لئے قربی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
رواں سال پاکستان نیوی کی یہ دوسری بڑی کارروائی ہے، اس سے قبل اگست میں پاکستان نیوی اور پاکستان میری ٹائم ایجنسی نے کھلے سمندر میں ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے شام سے تعلق رکھنے والے 15 افراد کو بچایا تھا۔
پی ایم ایس اے کمانڈر کے مطابق ایم وی سوواری ایچ نامی جہاز بھارت سے صومالیہ کی طرف جارہا تھا، جسے پاکستان کی سمندری حدود میں حادثہ پیش آیا۔