جمعہ, مارچ 21, 2025
اشتہار

گرمیوں میں‌ لوڈشیڈنگ سے نجات، وفاقی حکومت نے کراچی کو بڑا تحفہ دے دیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب نے خوش خبری سنائی ہے کہ رواں سال موسمِ گرما میں کراچی کو 450 میگاواٹ اضافی بجلی میسر ہوگی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے ایک ٹویٹ کے ذریعے کراچی والوں کو خوش خبری سنائی کہ جامشورو سے کے ڈی اے 33 تک ٹرانسمیشن لائن کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وفاق نے ایک اور وعدہ پورا کرتے ہوئے 220 کے وی کی ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل کو مکمل کرلیا ہے، جس کی مدد سے رواں سال موسمِ گرما میں کراچی کو 450 میگاواٹ اضافی بجلی دستیاب ہوگی۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ’جامشورو سے کراچی تک 130 کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن لائن کی اپ گریڈیشن مکمل کرلی گئی، ڈبل سرکٹ  ٹرانسمیشن  لائن کی تکمیل کے بعد 31مارچ سے  بجلی کی ترسیل ممکن ہوسکے گی‘۔

انہوں نے کہا کہ ’منصوبے کی بروقت تکمیل سے نیشنل گرڈ سے کے الیکٹرک پاور کو 450 میگاواٹ اضافی بجلی دی جائے گی جبکہ کےای کوپہلے ہی نیشنل گرڈسے 650 میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے‘۔ وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ’کراچی کو گرمیوں کے موسم میں مجموعی طورپر1100میگاواٹ بجلی میسرہوگی‘۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے وفاق کا کراچی کیلئے450میگاواٹ اضافی بجلی کی فراہمی کے منصوبے کی تکمیل کا خیرمقدم کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم کےکراچی سے کیے وعدے پورے ہو رہے ہیں، جامشورو سے ٹرانسمیشن لائن کو 31مارچ سے پہلے توانائی فراہم کی جائے گی‘۔ خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ ’گرمی میں طلب زیادہ ہو تو نیشنل گرڈسے 450 میگاواٹ بجلی فراہم ہوگی، یہ اضافہ نیشنل گرڈ سے کےالیکٹرک کو بجلی کی فراہمی کے لیے کیا گیا ہے‘۔

تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ ’وفاق کراچی کے لیے بجلی فراہمی کی صورتحال کو نمایاں طورپر بہتربنائے گا‘۔ انہوں نے کہا کہ اہم سنگ میل عبورکرنے پر این ٹی ڈی سی، کے ای کی کارکردگی کو سراہتے ہیں، رمضان سےقبل وفاق کی جانب سےعوام کو بڑا ریلیف دیا جا رہا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں