کراچی کے علاقے سپرہائی وے پر شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے 12سالہ بچی جاں بحق ہو گئی۔
پولیس کے مطابق بچی بھی شادی کی تقریب میں شریک تھی جس کے سینے میں گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔ بچی کی شناخت 12 سالہ عزیلہ سبزعلی کے نام سے ہوئی۔
پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے والے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ ملزمان مقتولہ کے رشتےدار جان زاد اور جمال شاہ بتائےجاتےہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عزیلہ عمارت کی چوتھی منزل پر موجود تھی کہ اس دوران گولی سینے میں آکر لگی۔ بچی کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔
ایک روز قبل ہی ایسا ہی ایک واقعہ سرجانی تیسر ٹاؤن میں پیش آیا تھا میں 6 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا تھا۔
ریسکیو حکام کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والا چھ سالہ بچہ ایلن شہزاد بھی دوران علاج دم توڑ گیا، فائرنگ کا تیسرا زخمی30 سالہ روبن اسپتال میں زیرعلاج ہے۔
۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شادی میں فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرکے3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق تیسر ٹاؤن سیکٹر 35 سی میں ایک شادی کی تقریب کے دوران کچھ افراد نے ہوائی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک بچہ موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرا بچہ اور ایک شخص زخمی ہوگیا تھا۔
جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت 6 سالہ بنجو کے نام سے ہوئی تھی جبکہ زخمی ہونے والوں میں 6 سالہ ایلن شہزاد اور 30 سالہ رابن بابر شامل ہیں، انہیں عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔