کراچی: دو سال قبل قائد اعظم انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ہونے والے حملے سے متعلق سنسی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں، جس کے مطابق مقابلے کے بعد ہلاک ہونے والے تمام دہشت گرد غیر مقامی نہیں بلکہ ان میں دو مقامی افراد بھی شامل تھے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی ائیرپورٹ پر ہونے والے حملے سے متعلق تحقیقاتی کمیٹی کو دہشت گردوں کی اہم کڑیاں مل گئی ہیں۔ جس میں یہ بات سامنے آٗئی کہ ہوائی اڈے پر ہونے والے حملے میں حصہ لینے والے تمام دہشت گرد غیر ملکی نہیں تھے۔
جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر حملے میں دو مقامی دہشت گردوں نے بھی حصہ لیا جو اپنے اہل خانہ کے حملہ اورنگی ٹاؤن میں رہائش پذیر تھے تاہم ملزمان کی ہلاکت کے بعد لواحقین گھر چھوڑ گئے ہیں۔
مقامی دہشت گردوں کی شناخت ماجد اور احتشام کے نام سے ہوئی ہے، ہلاک ہونے والے افراد کے ڈی این اے حاصل کرنے کے لیے جلد قبر کشائی کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ اہل خانہ کے ڈی این اے کے نمونے پہلے ہی حاصل کرلیے گئے ہیں۔
’’ پڑھیں: کراچی پولیس نے ائیرپورٹ حملے میں ملوث ملزم کا خاکہ جاری کردیا ‘‘
خیال رہے اسحاق بوبی کی گرفتاری کچھ دن پہلے عمل میں آئی جس کا باضابطہ اعلان وزیر اعلیٰ سندھ نے کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ’’امجد صابری قتل سمیت دیگر 28 سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث گینگ کو گرفتار کرلیا ہے‘‘۔
مزید پڑھیں: ’’ امجد صابری قتل و دیگر دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث2 دہشت گرد گرفتار، وزیر اعلیٰ سندھ ‘‘
یاد رہے دو سال قبل مسلح دہشت گرد بھاری ہتھیاروں کے ہمراہ ائیرپورٹ کی حدود میں داخل ہوئے اور فائرنگ کرتے ہوئے رن وے پر کھڑے جہازوں تک پہنچ گئے تھے، دہشت گردوں کی جانب سے کیے جانے والے اس حملے میں 7 اہلکاروں سمیت 12 افراد جاں بحق ہوئے تھے تاہم سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے مسلح افراد کو ہلاک کردیا تھا۔