کراچی : انسداد دہشت گردی عدالت نے کراچی ایئرپورٹ کے قریب چائنیز پر خودکش بم دھماکہ کیس کے ملزمان کو مزید 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی پولیس کے حوالے کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں کراچی ایئر پورٹ کے قریب دھماکے کے کیس کی سماعت ہوئی، ریمانڈ مکمل ہونے پر جاوید اور گل نسا نامی ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔
تفتیشی افسر کی جانب سے ملزمان کو مزید جسمانی ریمانڈ پر دینے کی استدعاکی گئی، تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم جاوید کو چشم دید گواہوں نے شناخت کرلیا ہے، ملزم کو ملیر کورٹ میں شناخت پریڈ کے دوران گواہوں نے شناخت کیا ہے۔
مزید پڑھیں : کراچی ایئرپورٹ کے قریب خودکش حملہ: چشم دید گواہان نے گرفتار مرکزی ملزم کوشناخت کرلیا
تفتیشی افسر نے استدعا کی ملزمان سے مزید تحقیقات باقی ہے، جسمانی ریمانڈ دیا جائے، پولیس کے مطابق ملزمان نے خود کش حملہ آور کو سہولت فراہم کی اور ملزمان کا تعلق بلوچستان لبریشن آرمی سے ہے، دہشت گردوں نے ملک دشمن غیر ملکی خفیہ ایجنسی کی مدد سے دھماکہ کیا۔
عدالت نے ملزمان کو مزید 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا اور تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ بھی طلب کرلی۔
یاد رہے دہشت گردی کا واقعہ چھ اکتوبر کو پیش آیا تھا۔ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب سگنل پر خوفناک دھماکے میں تین دو چینی باشندوں سمیت تین ہلاک جبکہ چار پولیس اور دو رینجرز اہلکاروں سمیت سترہ افراد زخمی ہوگئے تھے۔
یاد رہے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 2خودکش حملہ آوروں سمیت 6 دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔
گرفتار ہونے والوں میں کراچی ایئرپورٹ سگنل پرچینی انجینئرزپرخود کش حملےکا ماسٹرمائنڈ بھی شامل ہیں ، جسے وندر سے گرفتار کیا گیا تھا۔