کراچی: مختلف اداروں کے مشترکہ سروے میں کراچی ایئرپورٹ کے بیشتر ہنگامی خارجی دروازے جام ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ انکشاف ایئرپورٹ پر تعینات مختلف اداروں کے مشترکہ سروے میں ہوا، ویجلنس اسٹاف نے خارجی ہنگامی دروازوں کی ماسٹر چابیاں فراہم کیں جو کسی بھی ہنگامی خارجی دروازے سے میچ نہیں ہوئیں۔
اس کے علاوہ کئی دیگر ساخت کے تالے بھی معائنے کے دوران جام پائے گئے۔ ہنگامی حالات میں ایئرپورٹ کے تمام لیول سے مسافروں اور عملے کا انخلا مشکل ٹاسک ہوگا۔ زیرو سے لیول 5 تک کچھ مقامات پر آگ کی نشاندہی کرنے والے ڈیٹیکٹرز بھی غیر فعال ہیں۔
متعلقہ: کراچی ایئرپورٹ پر امیگریشن اہلکاروں کی تعداد میں نمایاں کمی
ذرائع کے مطابق کئی جگہوں پر آٹو میٹک فائر الارم اینڈ ڈیٹیکشن سسٹم موجود ہی نہیں تھے، جناح انٹرنیشنل کے فائر اسٹیشن پر سسٹمز کی دستیاب چابیاں بھی بے کار ثابت ہوئیں۔
زیرو سے لیول 5 کی مشرقی اور مغربی سمت میں ایمرجنسی ایگزٹ لائٹس بھی نصب نہیں، ہنگامی اخراج کی سیڑھیوں کی دونوں جانب کوڑے دان کا کچرا بکھرا ہوا ملا۔
مشترکہ سروے سول سپروائزر، سی اے اے ویجیلنس، ڈیوٹی ٹرمینل منیجر سمیت دیگر نے کیا۔