کراچی : قائد اعظم انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر کھڑے ناکارہ جہازوں کے حوالے سے اے آر وائی نیوز کی خبر پر محکمہ کسٹم حرکت میں آگیا، ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر گزشتہ کئی سال سے کھڑے ناکارہ طیاروں کی خبر نشر کرنے پر محکمہ کسٹم کو ہوش آگیا، ناکارہ جہازوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکنکل کمیٹی میں سول ایوی ایشن اتھارٹی،پی آئی اے اور نجی ائیر لائین کے انجینئرز شامل ہیں، مذکورہ کمیٹی اس بات کا تعین کرے گی کہ ناکارہ جہازوں کو نیلام کیا جائے یا اسکریپ میں شامل کردیا جائے، دو سے تین ماہ میں ٹیکنیکل کمیٹی ناکارہ جہازوں سے متعلق سفارشات طے کرکے متعلقہ حکام کو پیش کرے گی۔
کلکٹر کسٹم فیروز جونیجو نے نمائندہ اے آر وائی نیوز صلاح الدین کو بتایا کہ40 تا 45 قومی اور نجی ائیر لائنز کے ناکارہ طیارے ناکارہ حالت میں ایئرپورٹ پر موجود ہیں، ان ناکارہ جہازوں پر محکمہ کسٹم کے اربوں روپے کے واجبات ہیں۔
مزید پڑھیں: کراچی ایئرپورٹ پر کھڑے ناکارہ طیارے خطرے کی علامت بن گئے
یاد رہے کہ کراچی ایئر پورٹ پر گزشتہ کئی سال سے کھڑے ناکارہ طیارے پرندوں کا گھر بن گئے ہیں جس کے باعث طیاروں کی حفاظت کو خدشات لاحق ہوگئے ہیں، اس کے علاوہ یہ ناکارہ طیارے پارکنگ کے مسائل کا سبب بھی بن رہے ہیں۔ خراب طیاروں میں پرندوں نے گھونسلے بنا لیے، جس کی وجہ سے جہازوں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات بھی رونما ہورہے ہیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کئی ناکارہ طیارے ویٹ اور ڈرائی لیز پر حاصل کیے گئے تھے، غیر ملکی کمپنیاں ناکارہ طیاروں کو بھاری ٹیکس ادائیگی کے باعث نہیں ہٹا رہیں، طیارے گزشتہ کئی سال سے کراچی ایئرپورٹ پر کھڑے ہیں۔