کراچی: شہر قائد میں دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی جبکہ 2 غیر ملکی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا۔ دھند ختم ہونے کے بعد پروازوں کا شیڈول معمول کے مطابق بحال کردیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں دھند کے باعث 2 غیر ملکی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا، ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ غیر ملکی پروازوں کو ایئرپورٹ پر اترنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی پرواز جدہ سے کراچی آرہی تھی جبکہ سری لنکا سے کراچی آنے والی پرواز کا رخ بھی مسقط کے لیے موڑ دیا گیا تھا۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق کراچی سے اسلام آباد اور لاہور جانے والی پروازیں بھی متاثر ہوئی ہیں، دھند ختم ہونے کے بعد پروازوں کا شیڈول معمول کے مطابق بحال کردیا جائے گا۔
مجموعی طور پر شہر کے مختلف علاقوں میں دھند کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی۔ کراچی کے مختلف علاقوں گلشن حدید، اسٹیل ٹاؤن، پورٹ قاسم، شاہراہ فیصل، یونیورسٹی روڈ، قومی شاہراہ، لنک روڈ اور کراچی حیدر آباد موٹر وے پر شدید دھند رہی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دھند کے باعث شہر میں حد نگاہ 200 میٹر تک محدود رہی۔