کراچی: دبئی سے کراچی ایئرپورٹ پہنچنے والی ایک غیر ملکی پرواز کی غلط پارکنگ کا انکشاف ہوا ہے۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق دبئی سے کراچی آنے والی امارات ایئر لائنز کی پرواز کراچی ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل ٹرمینل کی بجائے ڈومیسٹک ٹرمینل پر پارک کرا دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈنگ برج دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے طیارے کو غلط پارک کرایا گیا تھا، تاہم غلطی کا پتا چلنے کے بعد طیارے کو پش بیک کر کے انٹرنیشنل ٹرمینل پر لایا گیا۔
خلیجی ایئر لائن کی پرواز ای کے 606 رات 12 بجکر 50 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ ہوئی تھی، غیر ملکی طیارے کی غلط پارکنگ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی (پی اے اے) کے حکام کی غلطی کی وجہ سے ہوئی، اور طیارہ آدھے گھنٹے تک غلط پارکنگ پر کھڑا رہا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کے کپتان نے کنٹرول ٹاور سے غلط پارکنگ کرانے پر شکایت کی ہے۔
دوسری طرف ترجمان پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایئرپورٹ عملے کی جانب سے کسی قسم کی غلطی نہیں ہوئی ہے، نہ ہی کپتان نے کوئی شکایت درج کرائی، ایئرپورٹ عملے نے معمول کے طریقہ کار کے مطابق کام کیا اور کسی قسم کی ’’غلط پارکنگ‘‘ نہیں ہوئی۔
ترجمان کے مطابق ایمریٹس ایئرلائن کی پرواز مقررہ آمد کے وقت سے 23 منٹ قبل رات 12 بجکر 47 منٹ پر کراچی ایئرپورٹ پہنچی تھی، جب کہ اس کی مختص کردہ انٹرنیشنل بے (بے نمبر 24) پر پہلے سے ایک اور پرواز (PK213) موجود تھی، چناں چہ طیارے کے کپتان سے گفتگو کے بعد اسے عارضی طور پر بے 16 پر پارک کیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ جب بورڈنگ برج بے 24 خالی ہوئی، تو طیارے کو رات 1 بجکر 25 منٹ تک وہاں منتقل کیا جا چکا تھا، کپتان کو معلوم تھا کہ وہ وقت سے پہلے پہنچے ہیں، اور انھیں اپنی مختص کردہ بے کے خالی ہونے تک انتظار کرنا تھا۔