کراچی : بیرون ملک جانے والے مسافروں کو کراچی ائیر پورٹ پر امیگریشن کے لئے لمبی قطاروں میں کھڑا نہیں ہونا پڑے گا، کاؤنٹرز کی تعداد میں اضافہ کردیا گٓیا۔
تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کی خبر نے اثر دکھا دیا، کراچی ائیرپورٹ پر ڈائریکٹر ایف آئی اے سلطان خواجہ اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اعلی افسران نے دورہ کیا۔ آے آر وائی نیوز نے بیرون ملک جانے والے مسافروں کی امیگریشن کاؤنٹر پر لمبی قطاروں کے معاملے کو اجاگر کیا تھا۔
ایئرپورٹ پرایڈیشنل ڈائریکٹر زین شیخ اور روف شیخ نے سلطان خواجہ کو بریفنگ دی، بعد ازاں کراچی ایئرپورٹ پر فوری طور پر امیگریشن کاؤنٹرز کی تعداد میں اضافے کے احکامات جاری کردیئے گئے۔
ایف آئی اے کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر بیرون ملک جانیوالے مسافروں کی امیگریشن کیلئے مزید کاؤنٹرز کا اضافہ کردیا گیا ہے اور فوری طور پر 3 کاونٹرز کااضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد کاونٹروں کی تعداد10ہوگئی ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ایف آئی اے کے اعلی افسران نے کراچی ایئرپورٹ پر ایک ماہ کے اندر اندر امیگریشن کاؤنٹر کی تعداد21کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے جبکہ کاوئنٹرز کی کمی کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ ایف آئی اے نے کراچی ائر پورٹ پر افسران و عملے کی تعداد میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔
واضح رہے7کاونٹرز پر عملے کی کمی کی وجہ سے کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کی لمبی قطاریں لگ جاتی تھیں اور مسافروں کے امیگریشن کے عمل میں بھی تاخیر ہونے کے ساتھ ساتھ بیرون ملک جانیوالی پروازوں میں بھی 2سے 3 گھنٹے تاخیر معمول بن گیا تھا۔
جس پر اے آروائی نیوز نے کراچی ایئرپورٹ پر امیگریشن کاؤنٹر پر مسافروں کی لمبی قطاریں لگنے سے متعلق خبر نشر کی تھی اور وفاقی حکومت نے اے آروائی نیوزپر چلنے والی خبر کا نوٹس لیا تھا۔