کراچی : جناح ٹرمینل پر مسافروں کو چھوڑنے اور لینے کیلئے آنے والے افراد کیلئے جدید طرزکی انتظارگاہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی ائیرپورٹ پر مسافر کے ساتھ موجود شہریوں کے لئے اچھی خبر سامنے آئی ہے، ائیرپورٹ انتظامیہ نے مسافروں کو الوداع کہنے یا لینے آنے والے شہریوں کے لئے انتظارگاہ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
یہ سایہ دار انتظار گاہ جناح ایونیو نامی سڑک سے متصل گرین بیلٹ پر بنائی جائیگی، اس وقت صرف ایک شہری ہی مسافر کو لینے یا چھوڑنے ٹرمینل بلڈنگ تک جاسکتا ہے۔
روکے گئے شہریوں کے لئے انتظار گاہ ائرپورٹ پارکنگ کے اسٹاف گیٹ سے متصل ہو گی، انتظارگاہ میں باقاعدہ نشستیں نصب اور باتھ روم کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔
ائرپورٹ ذرائع کے مطابق بین الاقوامی معیار کی انتظار گاہ کے لئے سی اے اے نے باقاعدہ کارروائی کا آغازکردیا، ٹینڈر کے تحت انتظار گاہ کی تعمیر کا کام آئندہ چند روز تک شروع کیا جائے گا۔