کراچی ائیرپورٹ پر عمرے کی آڑ میں خواتین کی سعودی عرب اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے امیگریشن سرکل نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے 4 خواتین کی سعودی عرب اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق خواتین کو جبری مشقت کی غرض سے بھجوایا جارہا تھا، آسیہ نامی ملزمہ خواتین کو جبری مشقت پر بھجوانے میں ملوث ہے، ملزمہ آسیہ پنجاب پولیس کی سابقہ ملازم ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کا مزید کہنا تھا کہ قیام، اخراجات کیلئے سہولت کاری وسیم گجر نامی ایجنٹ نے کرنا تھی، چاروں خواتین آف لوڈ کردی گئیں جبکہ ایجنٹوں سے متعلق معلومات لی جا رہی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ جعلی ایمرجنسی پاسپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے 2 مسافر کو بھی گرفتار کرلیا گیا، گرفتار ملزمان کی شہریت بھی مشکوک پائی گئی ہے۔