کراچی: شہرقائد سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کے باعث رمضان المبارک کی پہلی سحری میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں کے الیکٹرک کے متعدد گرڈ اسٹیشنز متاثر ہونےکے باعث بڑا بریک ڈاؤن ہوگیا۔ جس کےنتیجے میں ناظم آباد، گلشن اقبال، پی ای سی ایچ ایس، گلستان جوہر، نارتھ کراچی، اسکیم 33، لانڈھی، کورنگی، گارڈن، شو مارکیٹ، رامسوامی، رنچھوڑ لائن، عثمان آباد، کیماڑی، کھارادر، میٹھادر، لی مارکیٹ، لیاری کے علاقوں میں بجلی معطل ہو گئی۔
کراچی کےعلاقے شاہ فیصل کالونی، ملیر، قائد آباد میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔ بجلی کی بندش کے باعث شہریوں کو رمضان المبارک کی پہلی سحری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایکسٹرا ہائی ٹینشن ٹرپنگ سے بجلی کی فراہمی میں تعطل آیا، کے الیکٹرک کا عملہ جلد از جلد بحالی کے لیےمصروف عمل ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں جلد بجلی بحال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
کراچی میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، پورا شہر متاثر، تاجروں کا کے الیکٹرک کو الٹی میٹم
دوسری جانب اندرون سندھ میں حیدرآباد، نواب شاہ، میرپورخاص ڈویژن کے 14 ڈسٹرکٹ میں بجلی بند ہوگئی، بریک ڈاؤن کے باعث دادو، ٹھٹہ، بدین، جامشورو، ٹنڈو محمد خان میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
ترجمان حیسکو کا کہنا ہے کہ 500 کے وی کی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہونے کی وجہ سے حب کو پاور پلانٹ کا جنریشن یونٹ بند ہوگیا جس کے نتیجےمیں حیسکو کے 76 گرڈ اسٹیشن بھی بند ہو گئے ہیں۔