کراچی: شہر قائد میں اینٹی نارکوٹکس فورس نے کارروائیاں کرتے ہوئے بھاری مقدار میں ہیروئن اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن میں اے این ایف نے کورئیر کمپنی کے دفتر میں کارروائی کے دوران برطانیہ کے لیے بک کرائے گئے 8 ڈبوں سے 4 کلوسے زائد ہیروئن برآمد کرلی۔ ہیروئن کو گلابی لیمپس میں انتہائی مہارت سے چھپایا گیا تھا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق کورنگی میں کورئیر کمپنی میں بھی کارروائی کے دوران برطانیہ کے لیے بک کرائے گئے پارسل سے ایک کلو ہیروئن برآمد کر لی گئی، ہیروئن کو 2 کتابوں کے اندر چھپایا گیا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ نیوزی لینڈ کے لیے بک کرائے گئے پارسل سے بھی منشیات برآمد کر لی گئی، ڈاکومنٹس میں 90گرام میتھا فٹامائن اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی، مقدمات درج کرلیے گئے، پارسل بھیجنے والوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
اے این ایف کی کراچی میں کارروائی، 18 کلو منشیات برآمد
یاد رہے کہ رواں سال جولائی میں انسداد منشیات فورس نے کراچی میں کارروائی کے دوران 18 کلو گرام منشیات پکڑی تھی، منشیات فیصل آباد سے کراچی اسمگل کی گئی تھی۔