کراچی : ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شہری کو قتل کردیا گیا، مقتول ریحان دوستوں کے ساتھ گھر کی دہلیز پر بیٹھا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے شہری بے رحم ڈاکووں کے نشانے پر ہیں اور پولیس ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر قابو پانے میں ناکام ہیں۔
منظور کالونی میں ڈکیتی مزاحمت پر موٹر سائیکل سوار چار مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے تیس سالہ ریحان کو شدید زخمی کردیا، جو اسپتال پہنچ کردم توڑ گیا۔
پولیس نے بتایا کہ منظور کالونی میں شہری کے قتل کی فوٹیج سامنےآگئی ہے، مقتول ریحان دوستوں کے ساتھ گھرکی دہلیز پربیٹھا تھا کہ دو موٹر سائیکل پر پانچ ڈاکو نے لوٹ مار کی۔
حکام کا کہنا تھا کہ لوٹ مار کے دوران ریحان نے مزاحمت کرتے ہوئے ایک ڈاکو کو دبوچا تو دیگر نے فائرنگ کردی اور ڈاکو لوٹ مار و فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔
مزید پڑھیں : کراچی : گھر کی دہلیز پر نوجوان کو موبائل نہ دینے پر قتل کردیا گیا
یاد رہے گذشتہ ہفتے بلدیہ اتحاد ٹاون میں گھر کی دہلیز پر عمر نامی نوجوان کو مزاحمت پر قتل کردیا تھا۔
ورثا نے بتایا تھا مقتول چند روز قبل دبئی سے پاکستان آیا تھا اور دوستوں کےہمراہ گھر کے باہر بیٹھا ہوا تھا کہ موٹرسائیکل سوار ملزمان نے اسلحہ کے زور لوٹ مار شروع کی اور موبائل نہ دینے پر ملزمان نے فائرنگ کردی۔
جس کےنتیجے میں عمر زخمی ہوا اور اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔