جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

کراچی: فوجی اہلکاروں پر حملے کی تحقیقات جاری

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : صدر پارکنگ پلازہ کے قریب فوجی جوانوں پرحملے کی تحقیقات جاری ہے ، شواہد فرانزک لیب بھجوا دیئے گئے جبکہ مقدمہ محکمہ انسداددہشتگردی میں درج کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں دو سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت کے بعد تحقیقات جاری ہے، جائے وقوعہ اور اطراف سے کی گئی کالز کی جیو فینسنگ کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، پولیس نے جائے وقوعہ سے حاصل کیے گئے شواہدفارنزک لیب بھجوا دیے ہیں جبکہ بند کیمروں کے معائنے کرنیوالی ٹیم کو لینے کے دینے پڑگئے، شہد کی مکھیوں نے ٹیکنیکل ٹیم کے ممبر پرحملہ کردیا، صفائی نہ ہونے سے کیمرے کے پاس گھر بنا لیا تھا۔

قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے سرچ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لے لیا ہے، زیرِ حراست افراد میں سیاسی جماعت کا سابق علاقائی ذمہ دار بھی شامل ہے، ملزمان کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام منتقل کردیا گیا ہے۔

- Advertisement -

firing-post

دوسری جانب کراچی میں فوجی جوانوں پر فائرنگ کے واقعے میں تھانوں کی حدود کا تعین نہ ہوسکا۔ ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے بریگیڈ تھانے کی حدود میں فائرنگ شروع کی، شہداء کی گاڑی کچھ فاصلے پر صدر تھانے کی حدود میں دیوار سے ٹکرائی۔

زرائع کے مطابق شہید ہونیوالے فوجی اہلکاروں رزاق اور خادم حسین کے قتل کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج ہوگا، شہر بھر میں سیکورٹی فورسز پر حملوں کے مقدمات کاونٹر ٹیرارزم ڈپارٹمنٹ میں درج ہوں گے جس کے لئے باقاعدہ احکامات آئی جی سندھ نے اکتیس مارچ دوہزار سولہ کو دیئے تھے جبکہ فوجی اہلکاروں کے پوسٹ مارٹم اور 174 کی کارروائی صدر تھانے کی جانب سے کی گئی ۔

مزید پڑھیں : کراچی: صدر پارکنگ پلازہ میں حساس ادارے کی گاڑی پر فائرنگ، 2 اہلکار شہید

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاں فوجی اہلکاروں کو دہشت گردوں نے نشانہ بنایا وہ جگہ تین تھانوں کا سنگم ہے جس کی وجہ پولیس افسران کو حدود کا تعین کرنے میں مشکل کا سامنا کرنا پڑا تاہم کئی گھنٹے گزر جانے کے بعد صورتحال واضح ہوئی۔

مزید پڑھیں :  کراچی: ملٹری پولیس کی گاڑی پرحملہ

یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقہ صدر پارکنگ پلازہ کے قریب حساس ادارے کی گاڑی پر نا معلوم افراد نے فائرنگ کی، جس سے گاڑی میں موجود 2 اہلکار شہید ہوگئے، جب حملہ کیا گیا تو حساس ادارے کی گاڑی معمول کے گشت پر تھی، جس کے بعد گاڑی بے قابو ہو کر دیوار سے ٹکرا گئی، زخمی ہونے والے اہلکاروں عبدالرزاق اور خادم حسین کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گئے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں