کراچی: الیکشن کمیشن کے احکامات نظر انداز کر کے سندھ حکومت نے اسسٹنٹ کمشنر کورنگی امتیاز منگی کا تبادلہ کرا دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سائیں سرکار نے قواعد کے خلاف جاتے ہوئے ایک بار پھر اسسٹنٹ کمشنر (ریونیو) کورنگی کو ہٹا دیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ امتیاز منگی کو 22 اگست کو کورنگی میں کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن کروانے تھے، لیکن اعلیٰ شخصیات کے کہنے پر اسسٹنٹ کمشنر کو عہدے سے ہٹایا گیا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے امتیاز منگی کو مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کیے تھے، اور سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کے احکامات کو نظر انداز کر کے اسسٹنٹ کمشنر کا تبادلہ کرایا۔
امتیاز منگی کی جگہ کمشنر آفس میں تعینات اسسٹنٹ کمشنر ریونیو محمد شعیب اسلم کو اسسٹنٹ کمشنر کورنگی تعینات کر دیا گیا ہے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ الیکشن کے شیڈول کے اعلان کے بعد ٹرانسفر پوسٹنگ نہیں ہو سکتی۔
سندھ حکومت کے 60 افسران ٹریننگ پر جانے کو تیار
سندھ حکومت کے 60 افسران ٹریننگ پر جانے کو تیار ہیں، جس کی وجہ سے سندھ حکومت نے متبادل افسران کی تلاش شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ مڈ کیریئر کورس کی ٹریننگ 23 اگست سے شروع ہوگی، جس کے لیے ساٹھ افسران جائیں گے، ان میں ڈپٹی کمشنرز، ڈپٹی سیکریٹریز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ، میونسپل کمشنرز، سینئر پروگرام آفیسرز و دیگر شامل ہیں۔
ٹریننگ سے قبل افسران کا چارج چھوڑنا لازم قرار دیا گیا ہے، ٹریننگ پر جانے والے افسران کا تعلق کراچی، حیدر آباد، بدین، ٹنڈو الہیار، سکھر، گھوٹکی، خیرپور، ٹھٹھہ اور مٹیاری سے ہے۔
یہ افسران محکمہ بورڈ آف ریونیو، صحت، داخلہ، اینٹی کرپشن، فنانس، ویمن ڈیولپمنٹ، لوکل گورنمنٹ، سندھ فوڈ اتھارٹی، پبلک سروس کمیشن، ورکس اینڈ سروسسز، بورڈ آف انویسٹمنٹ اور محکمہ ذراعت میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔