کراچی: شہر قائد میں اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی ایل سی) نے نارتھ ناظم آباد میں کارروائی کرتے ہوئے 2 کار لفٹر کو گرفتار کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اے وی ایل سی نے نارتھ ناظم آباد سے 2 کار لفٹر کو گرفتار کرکے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی قبضے میں لے لی۔
پولیس کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی لگی تو ملزمان نے وارداتوں کے لیے گاڑی خرید لی تھی، ملزمان کے دو ساتھی ثاقب اور علی قریشی فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان 2010 سے 2012 تک لاہور میں موٹرسائیکلیں چوری کرتے تھے، ملزمان 125 سے زائد چوری کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شہر قائد کے علاقے پاور ہاؤس چورنگی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے تھے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ گلشن اقبال پولیس کے اہل کار مدعی کے ساتھ ڈاکوؤں کا تعاقب کر رہے تھے، پاور ہاؤس چورنگی کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں میں مقابلہ ہوا، پولیس کے مطابق ملزمان نے ایک پستول راستے میں پھینک دیا تھا، ایک برآمد ہوا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان نے رب میڈیکل سینٹر کے قریب شہری سے لوٹ مار کی، موٹرسائیکل پٹرولنگ پر موجود اہل کار موقع پر پہنچ گئے، اہل کاروں نے مدعی کو ساتھ لیا اور ملزمان کا تعاقب کیا، ملزمان نے راستے میں کئی مقامات پر پولیس پر فائرنگ کی۔