کراچی : بلدیہ عظمیٰ کراچی میں انوکھا کارنامہ انجام دیا گیا، کرپشن کے الزام میں ملازمت سے بر طرف افسران کی ادارے میں دوبارہ تعیناتی شروع کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی میں کرپشن کے الزام میں ملازمت سے فارغ کیے جانے والے افسر ڈائریکٹرعبدالخالق شیخ کو کے ایم سی میں دوبارہ تعینات کردیاگیا، اے آروائی نیوز نے کرپٹ افسرکا پوسٹنگ آرڈر حاصل کرلیا ہے۔
اے آروائی نیوز نے بدعنوان افسر عبدالخالق شیخ کے تعیناتی لیٹر کی کاپی حاصل کرلی، جس کے مطابق انہیں ڈائریکٹر اسپورٹس کمپلیکس نامزد کیاگیا ہے، ذرائع کے مطابق ایڈمنسٹریٹر سجاد عباسی کی ایما پر عبدالخالق کو اس عہدے سے نوازا گیا ہے۔
عبدالخالق کو گزشتہ سال کرپشن کے الزام میں ایف آئی اے نے گرفتار کیا تھا،ان پر بطور ڈائریکٹر ایجوکیشن محکمے میں کروڑوں روپے کے گھپلوں کا الزام تھا، جس پر انہیں ملازمت سے نکال دیا گیا تھا۔