کراچی میں ہیٹ ویو کی لہر کے سبب کراچی بار ایسوسی ایشن نے کالا کوٹ پہننے سے استثنیٰ مانگ لیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی بار ایسوسی ایشن نے سیشنز ججز کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ موسم کی شدت کی وجہ سے وکلا کو دس روز کے لیے کالا کوٹ پہننے سے استثنیٰ دیا جائے۔
بار ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کراچی ان دنوں غیر معمولی گرمی کی لہر کا شکار ہے اس ہیٹ ویو میں وکلا کے لیے کالا کوٹ پہننا کسی چیلنج سے کم نہیں ہے۔
کراچی بار کا کہنا ہے کہ ان دنوں میں وکلا کے لیے کالا کوٹ پہن کر کام کرنا مشکل ہوچکا ہے لہٰذا دس روز کے لیے کوٹ پہننے سے استثنیٰ دیا جائے۔
واضح رہے کہ کراچی میں گرمی اور حبس کی شدت برقرارہے، گزشتہ روز سے اب تک مختلف علاقوں سے20 لاشیں سرد خانے لائی گئیں۔
ریسکیو ادارے نے بتایا کہ 20 میں سے پانچ افراد طبی موت کا شکارہوئے جبکہ پندرہ نشے کے عادی افراد ہیں۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ لاشیں لیاری، ملیر، آئی آئی چند ریگر روڈ، لسبیلہ،کورنگی ،جہان آباد اور دیگر علاقوں سے ملیں۔